تہران (ر پورٹنگ آن لائن)ایرانی وزارت خارجہ نے ملک کے چار شہریوں پر عائد کردہ نئی امریکی پابندیوں کو مسترد کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا نے ان افراد پر ایک ایرانی نژاد امریکی صحافی کو اغوا کرنے کی مبینہ سازش کے باعث یہ پابندیاں عائد کردیں ۔ایرانی حکومت کے مطابق یہ اقدام واشنگٹن کی پابندیاں عائد کرنے کی لت کی عکاسی کرتا ہے۔ رواں برس جولائی میں امریکی دفتر استغاثہ نے چار افراد پر نیو یارک میں مقیم تہران حکومت کی ناقد ایک خاتون صحافی کو اغوا کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی اطلاعات کے مطابق اس صحافی کا نام مسیح علی نژاد ہے۔ امریکی وزارت خزانہ نے بتایا کہ ان پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد ایران میں موجود چار سینئر انٹیلیجنس افسران ہیں۔