رپورٹنگ آن لائن 29

ایران میں احتجاج: پاکستان کی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری مظاہروں کے پیش نظر حالات بہتر ہونے تک پاکستان نے اپنے شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ اپنی حفاظت اور سلامتی کے پیشِ نظر پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ حالات بہتر ہونے تک اسلامی جمہوریہ ایران کا تمام غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس وقت ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں، چوکنا رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت کم سے کم رکھیں۔

دفتر خارجہ نے شہریوں کی سہولت کی غرض سے پاکستانی سفارتی دفاتر سے باقاعدہ رابطے میں رہنے کے لیے نمبرز بھی جاری کیے ہیں۔

مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والی اس تحریک میں ایران بھر میں 13 دنوں سے مظاہرے جاری ہیں، جنہیں ایرانی سفیر کے مطابق غیر ملکی عناصر کی مداخلت نے پرتشدد بنا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں