پاکستان 18

ایران سے مزید 92 افراد وطن واپس پہنچ گئے، تعداد5047 ہو گئی

کوئٹہ،تہران( رپورٹنگ آن لائن)ایران میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے کہاہے کہ مشکل وقت میں پاکستان کی ایران کے ساتھ تجارت اور ایران کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ میں مکمل سہولت فراہم کرنے پر ایرانی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

منگل کو ایکس پر جاری ایک بیان میں پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی سرحدیں بہترین طریقے سے کام کر رہی ہیں اور مختلف سرحدی مقامات پر گرین چینلز دونوں طرف سے اشیا کی تیز رفتار نقل و حرکت میں معاونت کر رہے ہیں۔پاکستان اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تہران کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث ہماری تجارت متاثر نہ ہو۔ان کا کہنا ہے کہ بھیڑ کے مسائل کو بھی باہمی کوششوں سے حل کیا جا رہا ہے۔پاکستان سفیر کا مزید کہنا ہے کہ سفارتخانہ تجارت میں ہر ممکن سہولت کے لئے پاکستان اور ایران میں سرکاری اور نجی دونوں شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے مسلسل رابطے میں ہے۔

دریں اثنا ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بعد ایران میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے،ضلعی حکام کے مطابق ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے 8 افراد وطن پہنچے ہیں، تفتان بارڈر کے ذریعے 16روز کے دوران مجموعی طور پر 3456 افراد واپس پہنچ چکے ہیں۔اِسی طرج گبد ریمدان بارڈر کے ذریعے آج 84افراد واپس وطن پہنچ چکے ہیں، اس طرح روز میں مجموعی طور پر 92 افراد وطن واپس پہنچ گئے جب کہ گبد ریمدان بارڈر کے ذریعے اب تک مجموعی طور پر 1591 افراد پاکستان پہنچے ہیں۔حکام نے مزید بتایا کہ گبد ریمدان اورتفتان بارڈرکے ذریعے 16روز کے دوران مجموعی طور پر5047 افراد وطن واپس پہنچے، وطن واپس پہنچنے والوں میں زائرین، مزدور، ایرانی طلبا اور بزنس مین بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں