واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن ) وائٹ ہائوس نے تصدیق کی ہے کہ تہران کے انکار کے باوجود ایران کے ساتھ امریکی مذاکرات براہ راست ہوں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایرانیوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات ہوں گے۔ میں چاہتی ہوں کہ یہ بالکل واضح ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ایک ہی کمرے میں براہ راست بات کرتے ہوئے سفارت کاری اور براہ راست بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایران جان لے کہ اسے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری سے روکنے کے لیے تمام آپشنز میز پر موجود ہیں۔ ٹرمپ کا حتمی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرے۔ وہ سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں لیکن سفارتی کوششیں ناکام ہونے کی صورت میں تمام آپشنز میز پر موجود ہیں۔