جاتلی( رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کیا تھا اور یہ تاریخی حقیقت پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ ایران ایک غیرت مند قوم ہے جو کبھی بھی ہتھیار نہیں ڈالے گی،اس لیے خطے میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جانے چاہئیں۔وہ دربارِ عالیہ حسینی فیض رساں بھنگالی شریف میں مرکزی پریس کلب دولتالہ کے صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوس میں کسی بھی قسم کی لڑائی نہیں چاہتا،تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستانی افواج ملک کا دفاع کرنا بخوبی جانتی ہیں اور دشمن کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور جو بھی ہمارے بچوں کو شہید کرے گا اسے اس کا جواب ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو خطے میں استحکام اور ہم آہنگی کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ صورتحال میں اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر کی جانے والی جارحیت بلا جواز ہے اور اس جنگ سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چالیس لاکھ افغانستان سے آنے والے مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دی،تاہم بدقسمتی سے اب ان میں سے بعض عناصر ہندوستان کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں اور اس کی پالیسیوں کو فالو کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن اگر کسی نے پاکستان کی خودمختاری یا سلامتی کو چیلنج کیا تو پاکستانی افواج اور قوم مل کر اس کا بھرپور دفاع کریں گی۔









