تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایک باخبر ذریعہ نے بتایا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جوہری فائل پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری ایرانی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سابق سیکرٹری جنرل علی شمخانی کو سونپ دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس بات کا اشارہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں دیا ۔
ناصر کنعانی نے صحافیوں کے جواب میں کہا کہ میرے پاس کچھ نیٹ ورکس میں بالواسطہ الزامات کے حوالے سے آپ کے ساتھ اشتراک کرنے کے لیے مخصوص نکات نہیں ہیں۔ علاوہ ازیں بعض غیر سرکاری ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ ایرانی جوہری فائل گزشتہ اپریل سے ایڈمرل شمخانی کے سپرد ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس خبر کی تردید کیے بغیر اپنے بات جاری رکھی اور کہا کہ پابندیاں ہٹانے کے لیے مذاکرات حکومت کے اعلی سطح کے حکام کی رہنمائی میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا مذاکراتی ٹیم پابندیاں اٹھانے کے لیے اپنی مشاورت جاری رکھے گی۔