اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع بنوں میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 خوارجی کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان ہمارا فخر ہیں۔
جمعرات کو اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے آپریشن کے دوران خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عاطف خلیل، لانس نائیک غضنفر عباس اور نائیک آزاد اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، قوم اپنے جری سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، خوارجی دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔