گھوٹکی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگلے 30سال بلاول بھٹو وزیر اعظم بن کر عوام کی خدمت کرینگے۔
گھوٹکی میں سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کے آغاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 2022میں گھوٹکی سیلاب متاثرہ علاقوں میں سے ایک تھا، میں ہر سیلاب متاثرہ ضلع میں دو بار گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش تھی کہ لوگوں کو ریسکیو کیا جائے، میں یہ نہیں کہتا کہ ہم نے سب کو ہر چیز پہنچائی لیکن ہم ہر ایک شخص تک پہنچے، تھوڑا یا بہت ان کو ریلیف دیا۔
انہوںنے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ سیلابی پانی متاثرہ علاقوں سے نکالا جائے، سیلابی پانی کے باعث کاشت کاروں کو زیادہ نقصان ہوا جس کے بعد ہم نے گندم کی سپورٹ قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کی اس وجہ سے کاشت کاروں نے زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں سندھ حکومت ایسا کام کرکے جائے کہ انفرا اسٹرکچر بہتر ہو، ہم نے سڑکوں کی مرمت کے لئے پیسوں کا بندوبست کرلیا ہے، و
فاق سے کچھ نہیں ملا، اسکولوں کیلئے بھی پیسوں کا بندوبست کرلیا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے وہ سارے کام کئے جو لگتا تھا کہ ممکن نہیں، وزیرخارجہ کی کوششوں کی بدولت عالمی برادری نے سیلاب متاثرین کی مدد کی۔انہوںنے کہا کہ پہلے بھی سیلاب آئے مگر 2022 میں سیلاب سب سے بڑا آیا، پچھلے سیلابوں میں کسی حکومت نے گھر نہیں بنا کر دئیے،
چیئرمین بلاول بھٹو نیکہا میں دیکھ رہا ہوں لوگ گھر نہیں بنا سکیں گے اس کی ہدایت پر ہم نے گھر بنا کر دیں۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں جو کام ہوا اس کا باقی تین صوبوں سے موازنہ کرالیں، ہم نے اپنے لوگوں کی خدمت کی ہے اور اگلے 30 سال بلاول بھٹو وزیر اعظم بن کر عوام کی خدمت کرینگے۔