اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ اگر میاں نواز شریف جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں؟ کروڑوں روپے کی گھڑیوں کا تحفہ بیچنا انتہائی شرمناک ہے جس سے ملک کی سبکی ہوئی۔
جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان کو اپنے کروڑوں روپے کی ممنوعہ فنڈنگ کا جواب دینا ہوگا۔ اس کے علاوہ توشہ خانہ سکینڈل کا بھی جواب دینا ہوگا۔ اگر مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف جے آئی ٹی میں بار ہا پیش ہوسکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں کیا وہ قانون سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھاری رقم کے تحفے اگر وصول کئے ہیں تو انہیں بھاری رقم کے تحفے بھجوانے بھی چاہئے تھے کروڑوں روپے کی گھڑیاں وصول کرکے انہیں بیچ دینا انتہائی شرمناک بات ہے اور یہ اخلاقی گراوٹ ہے جس سے ملک و قوم کی بدنامی ہوئی ہے