لاہور(رپورٹنگ آن لائن)نامور اداکارہ صوفیہ احمدنے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کو ہراساں اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے پے درپے واقعات انتہائی تشویش کا باعث ہیں ، حکومت فی الفور قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر ہنگامی بنیادوں پر موثر قانون سازی کرے ۔ اپنے ایک بیان میں اداکارہ نے کہا کہ ابھی صرف وہ واقعات سامنے آتے ہیں جو خواتین ہمت کر کے پولیس کے سامنے لے آتی ہیں او رمعلوم نہیں ایسے سینکڑوں ،ہزاروں واقعات ہیں جن کا خواتین اپنے ساتھ خاندان اورمعاشرے کی جانب سے ناروا سلوک کا سوچتے ہوئے کسی سے ذکر نہیں کرتیں اور یہ ظلم اپنے اوپر سہہ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کی رو ک تھام کے لئے بنائے گئے قوانین میں سقم موجود ہیں بصورت دیگر کبھی ایسا نہ ہوتا کہ ایک درندہ جو تین سالوںمیں دو خواتین سے زیادتی کے جرم میں جیل جائے اور پھر ناقص تفتیش اور مدعی پارٹی کی غربت کی وجہ سے دوبارہ باہر آ جائے اور سفر کرنے والی ماں بیٹی کو درندگی کا نشانہ بناڈالے ۔
انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی جماعتیں اس پر وہ رد عمل نہیں دے رہیں جس کی ضرورت ہے اس لئے فوری طور قومی اسمبلی کااجلا س بلایاجائے اورقانون سازی کی جائے او ر اگرصوبوں کی سطح پر بھی ضرورت ہو تو اس کیلئے صوبوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ قومی اسمبلی کی طرز پر قانون سازی کریں۔