ماہرہ خان

اگر شادی کرتی تو اپنے مداحوں کو ضرور بتاتی،ماہرہ خان کا اپنی ‘خفیہ شادی’ سے متعلق خبروں پر ردِعمل

کراچی(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستانی سپر سٹار ماہرہ خان نے اپنے ‘خفیہ طور پر شادی شدہ’ ہونے کے بارے میں اڑنے والی افواہوں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ شادی کرتیں تو اپنے مداحوں کو ضرور بتاتیں۔اداکارہ ماہرہ خان کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے ، جس میں انہوں نے اپنے بارے میں پھیلی ہوئی چند خبروں پر وضاحت دی ہے۔اس انٹر ویو میں ماہرہ نے اپنے’خفیہ طور پر شادی شدہ’ہونے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ایسا ہوسکتا ہے کہ وہ شادی کریں اور ان کے مداحوں کو اس بارے میں پتہ نہ ہو؟۔ماہرہ نے کیمرے کے سامنے اپنے ہاتھ دکھاتے ہوئے کہا کہ ان کے ہاتھوں میں کوئی انگوٹھی نہیں ہے ، ان کی منگنی تک نہیں ہوئی۔انہوں نے ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کیساتھ فلم سائن کرنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے طنزیہ طور پر کہا کہ وہ یہ خبر لیک ہونے پر ٹام کروز سے معذرت کرتی ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے اس خبر کو کافی عرصے تک چھپانے کی کوشش کی ، لیکن انہیں یقین ہے کہ ٹام کروز ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پر جوش ہیں اور ان کی ٹیم نے اس خبر کو لیک کیا ہے۔ماہرہ نے اپنی ناک کی سرجری سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کیمرہ مین سے کہا کہ کیمرہ پر میری ناک پر زوم کرکے دِکھائیں کوئی سرجری نہیں کروائی۔انہوں نے کہا کہ ا یک مرتبہ انہوں نے ڈائریکٹر عاصم رضا کو کہا تھا کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے ناک کی سرجری کروائی ہے تو عاصم نے کہا جو ایسا کہے اس سے کہنا مجھ سے آکر پوچھ لے کیونکہ مجھے تمہاری شوٹنگ کرنی پڑتی ہے۔