رانا ثناء اللہ 38

اگر آج ایک پارٹی سربراہ کوسزا مل رہی تو ڈھنڈورا نہ پٹیں، مکافاتِ عمل ہے، رانا ثنا اللہ

فیصل آباد(رپورٹنگ آن لائن) مشیر وزیر اعظم و سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر آج ایک پارٹی سربراہ کوسزا مل رہی ہے تو ڈھنڈورا نہ پٹیں، مکافاتِ عمل ہے۔

پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے 30 چک میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر شرکا سے خطاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ آج گیس کی فراہمی کا افتتاح ہوا ہے جنہوں نے ہمیں ووٹ دیے ہیں وہ بھی درخواست جمع کروائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ووٹ نہیں دیا تو اس کے خلاف انتقامی کاروائی نہیں ہوگی، اُن کی درخواستوں پر بھی کام ہوگا، ملک کی تعمیر و ترقی وزیراعظم شہبازشریف کا ویژن ہے۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یرے پورے حلقے میں کوئی آبادی کوئی گاوں ایسا نہیں ہوگا جہاں سوئی گیس نہ ہو، ضلع میں ہم نے 29 کلو میٹر کی سڑک منظور کروائی ہے جس پر 1 ارب روپے لاگت آئے گی، ہم سڑک کے معیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ٹھیکیدار سے آپ معیاری کام کروائیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کا کنٹریکٹ ہوگیا ہے اگلے 6 ماہ میں سڑکوں کے ساتھ ان کا بھی افتتاح کریں گے ، پورے حلقے میں ایک ہی ہسپتال ہے جس کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں ،سدھار بائی پاس کے قریب دس ایکڑ اراضی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے لیے محکمہ صحت کے نام الاٹ کروا دیا ہے ۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کررہی ہے،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے، شہریوں کے ساتھ دیہات کی ترقی ترجیح ہے، کبھی لوگوں نے گاؤں میں صفائی کے نظام کا سوچا بھی نہیں ہوگا۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی، ان مجرموں کی صورت جو میں ناسور ہیں ان کیلئے ریاست میں کوئی نرمی نہیں ہے،جو معاشرے کے ناسور ہیں ان کیلئے حکومت میں کوئی رعایت نہیں،

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر میں قومی اسمبلی میں نہیں پہنچا تو اللہ نے مجھے اس سے بھی بڑی جگہ سینیٹ میں پہنچا دیا ،شہر والے حلقے سے چھٹی بار ہمیں الیکشن میں فتح ملی ہے ، میاں نواز شریف نے سیاست میں خدمت کا رواج ڈالا جو اس سے پہلے نہیں تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ مریم نواز جن منصوبوں پر کام کررہی ہیں اس سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، آپ کوئی ایک مثال نہیں دے سکتے کہ اس حکومت میں کسی کو ذاتی عناد پر ایک تھپڑ بھی مارا گیا ہو ،آئس کا نشہ بتاتے ہیں کہ انسان پی کر ہوش و حواس ہی بھول جاتا ہے ،جو آئس کا نشہ کرتا ہے وہ اس کیفیت میں ہوتا ہے کہ جرم بے خوف ہوکر کردیتا ہے۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ کے بچوں کے لیے بے شمار تعلیمی وظائف ہیں آسان قرضے ہیں جو آن لائن اپلائی ہوسکتے ہیں،سابق حکومت نےچار سال میں کوئی منصوبہ ایک بھی منصوبہ شروع نہیں ہوا ، ان کا ایک ہی کام تھا کہ سوشل میڈیا پر گالی بریگیڈ بنا کر لوگوں کو گالیاں دو۔

رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے خلاف ایسا مقدمہ بنایا جس کی سزا سزائے موت تھی میں چھ ماہ جیل میں رہا ،یہ مکافاتِ عمل ہے آج اگر کسی کو سزا مل رہی ہے تو اسے ڈھنڈورا نہیں پیٹنا چاہیے،اِسے تسلیم کرنا چاہیے کہ جو نفرت کا بیج بویا اسی کے ثمرات مل رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں