نیوروسرجنز 94

پاکستان سوسائٹی آف نیورو سرجنز کے انتخابات ۔پروفیسر آصف بشیر صدر PSN اور ڈاکٹر اسد شاہ چیئرمین YNF منتخب

لاہور ، 18 نومبر (زاہد انجم سے)پاکستان سوسائٹی آف نیوروسرجنز (PSN) کے سالانہ انتخابات میں ملک بھر کے نیوروسرجنز نے بھرپور شرکت کی۔ پہلی بار دونوں تنظیموں کے اہم عہدے—صدر PSN اور چیئرمین ینگ نیوروسرجنز فورم (YNF)—ایک ساتھ منتخب کیے گئے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ دونوں منتخب عہدیداران پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز (PINS) لاہور میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، اور ان کا انتخاب ادارے کے لیے اعزاز ہے۔

انتخابی نتائج کے مطابق، پروفیسر آصف بشیر صدر PSN جبکہ ڈاکٹر اسد شاہ چیئرمین YNF منتخب ہوئے۔ پروفیسر آصف بشیر نے کہا کہ ملک بھر کے نیوروسرجنز کا اعتماد ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ پاکستان میں نیوروسرجری کے شعبے کو مضبوط بنانے، عالمی معیار کی ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کرنے کے لیے کام کریں گے۔ نومنتخب چیئرمین ڈاکٹر اسد شاہ نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح نوجوان نیوروسرجنز کے مسائل کے حل اور انہیں جدید تربیتی مواقع فراہم کرنا ہے، جس کے لیے یوتھ فورم بین الاقوامی سطح کے تربیتی پروگرامز کا آغاز کرے گا۔

تقریب کے شرکاء نے دونوں منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت پاکستان میں نیوروسرجری کے شعبے کو بین الاقوامی معیار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں