احسن اقبال

اڑان پاکستان پروگرام کے ذریعے ہم نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ‘ احسن اقبال

نارووال (رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان پروگرام کے ذریعے ہم نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے،پاکستان کا شعبہ ہیلتھ اس وقت اوور برڈن ہے،ملکوں کی ترقی کا انحصار صحتمند افراد پر ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میڈیکل کالج میں قومی سطح کی پہلی سالانہ میڈیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میڈیکل کانفرنس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق ،پرنسپل نارووال میڈیکل کالج ڈاکٹر ظفر چودھری سمیت شعبہ طب کے نامور پروفیسرز اور ریسرچرز نے شرکت کی۔

احسن اقبال نے نارووال میڈیکل کانفرنس میں آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کے مقاصد کی حصول کیلئے صحت مند انسانی وسائل از حد ضروری ہیں،اگر کسی ملک کے لوگوں کی تعلیم اور صحت میں کمی ہے تو اس ملک کیلئے پائیدار ترقی کا حصول ممکن نہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ویژن 2025 کے تحت ہم نے نوجوانوں کی کثیر تعداد کو بیرون ملک اعلی تعلیم کے حصول کیلئے بھیجا۔

ہم نے اپنے دور میں ملک کے کونے کونے میں یونیورسٹیوں کا جال پھیلا دیا تھا۔دور دراز کے علاقوں میں یونیورسٹیوں کے کیمپس کھلنے سے خصوصی طور پر غریب نوجوانوں اور خواتین کو تعلیم کے مواقع مہیا ہوئے ہیں۔اشرافیہ کے بچے مراعات یافتہ ہوتے ہیں۔نچلے طبقے کے لوگوں ترقی کیلئے زیادہ جدوجہد کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آج یونیورسٹی آف نارووال کے 7ہزار طلبہ میں سے 5 ہزار بچیاں پڑھ رہی ہیں۔

اس ملک کے مستقل کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں تعلیم کے میدان میں انویسٹمنٹ کرنی ہوگی۔ملک کے اداروں کو چلانے کیلئے تعلیم یافتہ اور معیاری افرادی قوت درکار ہوتی ہے۔نارووال میڈیکل کالج کے قیام سے یہاں کے میڈیکل انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔میڈیکل کالج کے قیام سے مختلف بیماریوں کے پروفیسرز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی موجودگی سے مقامی سطح پر علاج معالجے کی سہولت میں مزید بہتری آئے گی۔

نارووال میڈیکل کالج میں ہم نے ڈاکٹروں کی کھیپ پیدا کرنے کی بجائے بہتر ریسرچرز پیدا کرنے ہیں۔میڈیکل کالج کی فکیلٹی کو چاہیے کہ اپنے طلبہ کے اندر تحقیق کی عادت پیدا کرے۔طلبہ کو چاہیے کہ مشاہدے اور مطالعہ سے اپنے علم کی بنیاد کو مضبوط بنائیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹولز کا استعمال ضرور سیکھیں تاکہ پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص بآسانی کی جاسکے۔

بحیثیت ڈاکٹر آپ اس قوم کے مسیحا ہیں۔اگر حکومت یہ کالج نہ بناتی تو کئی سٹوڈنٹس ڈاکٹر نہ بن سکتے۔اعلی تعلیم حاصل کریں اور سب سے پہلے ملک میں رہ کر اپنے ملک کی خدمت کریں۔ہم نے پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانا ہے۔

اڑان پاکستان پروگرام کے ذریعے ہم نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ہمیں چاہیے کہ جب 2047 میں ہم اپنی آزادی کا سو سالہ جشن منا رہے ہوں تب ہم کسی صورت بھارت سے پیچھے نہ ہوں۔مختلف سیشنز پر مشتمل نارووال میڈیکل کانفرنس دو روز تک جاری رہے گی۔