اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبہ ملک کو معاشی ٹیک آف دے گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے امن و استحکام کا تسلسل ناگزیر ہے جب کہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ اڑان پاکستان منصوبہ ملک کو معاشی ٹیک آف دے گا جب کہ 5 سالہ اڑان پاکستان منصوبہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ معاشی ترقی کے لیے کردار ادا کیا، 2018 کی نام نہاد تبدیلی نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔
وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ 2018 سے 2022 تک کوئی معاشی ترقی کا منصوبہ نہیں شروع کیا گیا جب کہ پاکستان کو پی ٹی آئی دور میں معاشی دلدل میں دھکیل دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اڑان پاکستان منصوبہ 24 کروڑ عوام کے خوابوں کا منصوبہ ہے، پاکستان کے لیے اڑان بھرنے کا یہ چوتھا موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ہم اڑان بھرنے کے 3 مواقع کریش کرچکے ہیں جب کہ 60 کےعشرے میں جنگ کے بعد معاشی ترقی کے سفر سے بچھڑگئے۔