اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)شہرت یافتہ گلوکار و اداکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ اگر انہیں اچھا اسکرپٹ ملا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے۔ایک انٹرویومیں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ ان کے مداح انہیں چھوٹی اسکرین پر بھی دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اچھی کہانی ملنے پر ضرور ڈراموں میں کام کریں گے۔انہوں نے چھوٹی اسکرین پر جلوے دکھانے کی اپنی خبروں سے متعلق کہا کہ انہوں نے بھی خود سے متعلق افواہیں سن رکھی ہیں مگر فوری طور پر ایسا سچ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔گلوکار نے واضح کیا کہ اگر انہیں اچھی کہانی اور کردار دیا گیا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے تاہم ساتھ ہی کہا کہ مداح انہیں جلد ٹی وی پر دیکھنے کی امید نہ رکھیں۔
انٹرویو میں عاطف اسلم نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ رواں سال ماہرہ خان کے ساتھ ایک گانے میں دکھائی دیں گے اور دونوں ایک دہائی بعد اسکرین پر رومانس کریں گے۔عاطف اسلم نے بالی وڈ کیریئر پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ نئے پروڈیوسرز و گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے سے نہیں گھبراتے بلکہ وہ ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرکے تجربات کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
گلوکار نے کہا کہ کیریئر کے 17 سال بعد بھی وہ تجربات کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ویلو میوزک اسٹیشن کے ذریعے ماضی کے مقبول گانے ‘کدی تے ہنس بول کو’ نئے انداز میں گاکر نئی نسل کی توجہ حاصل کرنے سمیت شوکت علی صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے بتایاکہ ماضی میں انہوں نے شاہ رخ خان کی ٹیم کی فرمائش پر اداکار کیلئے ‘گیروا’ گانا بھی ریکارڈ کرواکر انہیں بھجوا دیا تھا مگر انہیں کوئی جواب نہیں دیا گیا۔میزبان کے ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم نے واضح کیا کہ شاہ رخ خان نے ان سے براہ راست کبھی رابطہ نہیں کیا البتہ 2015 کی فلم ‘دل والے’ کے وقت ان کی ٹیم نے گلوکار سے رابطہ کرکے گانا تیار کرنے کی دخواست کی تھی۔
گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کی ٹیم کی درخواست پر ہی ‘دل والے’ کے لیے ‘گیروا’ گانا تیار کرکے انہیں بھجوایا بھی تھا مگر پھر انہیں کوئی جواب نہیں دیا گیا۔انہوں نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اچھا انسان قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کے لیے ہمیشہ گانا تیار کرنے کے لیے موجود ہیں۔عاطف اسلم نے شاہ رخ خان کو پیغام دیا کہ وہ ان کے لیے ہر وقت حاضر ہیں، وہ جب کہیں گے ان کے لیے وہ گانا تیار کریں گے۔









