ہمایوں اختر خان

اپوزیشن کے ”میں نہ مانوں ” کے رویے سے انکی اپنی سیاست کو نقصان پہنچ رہا ہے’ ہمایوں اخترخان

اسلا م آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسوں سمیت جس طرح کے مرضی جتن کرلے اس کی ناکامیاں کامیابیوں میں تبدیل نہیں ہوسکتیں،افغانستان کے حالات کی وجہ سے خطے کی صورتحال انتہائی پیچیدہ او ر گھمبیر ہے لیکن ایسے میں بھی اپوزیشن کواپنی سیاست چمکانے کی فکرلا حق ہے ،حکومت اورقومی سلامتی کے ادارے خطے کی ہر لمحے بدلتی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنی قوم کو ہرگز مایوس نہیں کریںگے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہاکہ پاکستان کو کئی دہائیوں بعد وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں ایسا لیڈر میسر آیا ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد کو مقدم رکھا ہے ۔ اپوزیشن نے ملک کی سیاست میں ”میں نہ مانوں ” کا رویہ روا رکھا ہواہے جس سے حکومت کو نہیں بلکہ ان کی اپنی سیاست کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی طور پر بیروزگار ہیں اس لئے ان کی قیادت نے رہنمائوں اور کارکنوں کو متحرک رکھنے کی غرض سے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے دوبارہ جلسوں کا اعلان کیا ہے ۔

پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو مفت مشورہ ہے کہ اپنی توانائیاں منفی سرگرمیوں کی بجائے مثبت سر گرمیوں پر صرف کریںتو شاید ان کی سیاست کو تقویت مل جائے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کامیابیوں کی جانب پیشرفت کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اور انہیں کسی پل بھی چین نہیں ۔