وزیر داخلہ شیخ رشید

اپوزیشن کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے‘ وزیر داخلہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے‘اپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں ‘انتشار کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں ‘یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہے ہیں‘نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسکے علاوہ دونوں رہنماوں کی اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کی مذمت کی اور اپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا بھی کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہے ہیں، اپوزیشن کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار نے کہا کہ سیاست میں منفی رویے ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، اپوزیشن صرف اقتدار کی خاطر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتوں میں شکست خوردہ اپوزیشن کی طرح کوئی جان نہیں، جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں، گھبرانے والے نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔