اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اگر تمام لوگ بھی مل جائیں تو بھی پختونخوا میں حکومت کیسے بناپا ئینگے ۔
بانی پی ٹی آئی جو چاہتے تھے وہ کام شایدگنڈاپور نہیں کررہے تھے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کیا جانا چاہیے تھا۔ گورنر ہاؤس کے پی کے کہتا ہے علی امین کا استعفٰی نہیں ملا۔کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ گنڈاپور کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر استعفیٰ دیا، استعفے سے متعلق بھی مختلف باتیں ہورہی ہیں، علی امین کا استعفیٰ ٹائپ شدہ ہے ، ہاتھ سے لکھنا چاہیے ۔
جے یو آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ گورنر استعفی ٰمنظور کر کے وزیراعلیٰ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں، دو چار دن میں پتہ چل جائیگا جو باتیں کی گئی ہیں وہ درست ہیں یا نہیں۔کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ علی امین ، بانی کے ساتھ ساتھ دوسری طرف بھی رابطے میں تھے ، کوئی دونوں طرف رابطوں میں ہوتا ہے تو جو بات کھلنی تھی ، وہ کھل گئی۔