اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کیسز میں ریلیف پر بات کرنا چاہتی ہے،وزیراعظم راضی نہیں،جمہوریت میں اپوزیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکتا،اپوزیشن سے مذاکرات 100 فیصد ہونے چاہییں، ان حالات میں جلسے کرنامناسب نہیں، بلاول پاکستان کی اہم شخصیت ہیں ان کی صحت یابی کیلئے دعا ہے، کوئی بھی چیئرمین آ جائے پی ٹی وی کے حالات زیادہ بہترنہیں ہو سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاحکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں بات چیت ہونی چاہیے، جمہوریت میں اپوزیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومتوں کواصلاحات اور قانون سازی کیلئے اپوزیشن کی ضرورت ہوتی ہے، اپوزیشن سے مذاکرات 100 فیصد ہونے چاہییں، مسئلہ یہ ہے اپوزیشن چاہتی ہے صرف کیسزپرمذاکرات ہوں اور وزیراعظم اپوزیشن کے کیسز پربات چیت کیلئے تیار نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کوانتخابی اصلاحات پرمذاکرات کی دعوت دی گئی، وزیراعظم اصلاحات پر اپوزیشن سے گفتگوکیلئے تیار ہیں، اپوزیشن کیسز میں ریلیف پر بات کرناچاہتی ہے،وزیراعظم راضی نہیں، وزیراعظم عمران خان کااپوزیشن سے متعلق موقف واضح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اندھے کوبھی نظر آرہاہے ان حالات میں جلسے کرنامناسب نہیں، یاتو ہم ساری قیادت کو جیل میں ڈال دیں اور کہیں جلسہ نہیں ہوگا، دوسرایہ ہےکہ عوام فیصلہ کریں کہ یہ کون لوگ ہیں؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ جیلوں میں ڈال دیاتوکہیں گے ظلم ہو گیاجمہوریت خطرےمیں آ گئی، پشاورمیں ناکامی کے بعدملتان کاجلسہ پی ڈی ایم کیلئے سیاسی جواہے، اپوزیشن میں تھوڑی سی بھی عقل ہوتو وہ یہ جلسہ منسوخ کر دے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وقت نواز شریف بےتاب ہیں، پی ڈی ایم کی منصوبہ بندی غصے پرمشتمل ہے جس پرناکامی کاسامنا ہے۔ فواد چوہدری نے بختاور زرداری کو منگنی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا بختاور اور محمود دونوں کو جانتا ہوں، اللہ دونوں کو کا میاب ازدواجی زندگی گزارنے کی توفیق دے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کوسب نے سمجھایا جلسے نہ کریں لیکن نہیں مانے، بلاول کیلئے گیٹ ویل سون، اللہ آپ کو جلدصحت دے، بلاول پاکستان کی اہم شخصیت ہیں ان کی صحت یابی کیلئے دعا ہے۔
چیئرمین پی ٹی وی تعیناتی سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا نعیم بخاری کی بطورچیئرمین پی ٹی وی تعیناتی درست اقدام ہے، کوئی بھی چیئرمین آ جائے پی ٹی وی کے حالات زیادہ بہترنہیں ہو سکیں گے، جوگند پیپلز پارٹی اور ن لیگ نےڈال دیا اسے سنبھالنا ممکن نہیں، بہتر ہو گا حکومت پی ٹی وی کو پرائیویٹائز کردے، حکومتیں کہاں ٹی وی چلاتی ہیں، نجی سیکٹر کو کام کرنے دیاجائے۔