حسان خاور

اپوزیشن کو حکومت کے نئے منصوبے ایک آنکھ نہیں بھا رہے، حسان خاور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو حکومت کے نئے منصوبے ایک آنکھ نہیں بھا رہے، پنجاب میں آٹھ ہزار دیہی مراکز مال بنائیں گے، 1100مراکز ابھی کام کررے ہیں، جنوری سے چار ہزار مزید مراکز کام کرنا شروع کر دیں گے، ہمارے محکمہ مال کے افسران مہینے کے پہلے 2 دن ون ونڈو مراکز پر بیٹھتے ہیں،سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی آرڈینیس میں زمین آسمان کا فرق ہے ہم لوگوں کو حقوق دینا چاہتے ہیں۔

پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے لاہور بورڈ آف ریونیو دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے اداروں میں بہتری لائی جارہی ہے کیونکہ تحریک انصاف و وزیراعظم کا ویژن گورننس بہتر بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ محکمہ مال کیسے لوگوں کی آسانی کے لیے کام کررہے ہیں، دیہ مراکز مال ہماری جانب سے کی جانیوالی انقلابی ریفارم ہے تاکہ لوگ اپنے گھر کی دہلیز پر اپنا مسئلہ حل کروا سکیں۔ حسان خاور نے کہا کہ پنجاب میں آٹھ ہزار دیہی مراکز مال بنائیں گے، 1100مراکز ابھی کام کررے ہیں، جنوری سے چار ہزار مزید مراکز کام کرنا شروع کر دیں گے۔ انکا کہنا ہے کہ یہ مراکز جون میں چلنے تھے مگر وقت سے پہلے ہمیں ان کو شروع کر دینا ہے، ہم نے اس منصوبے پر کوئی اربوں روپے خرچ نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ریونیو کورٹس بہت اہم ہیں جن کے لیے ہم نے آئی ٹی سسٹم بنایا ہے، تا کہ ان کورٹس میں موجود کیسز کا اندازہ لگایا جا سکے۔

حسان خاور نے کہا کہ ہمارے محکمہ مال کے افسران مہینے کے پہلے 2 دن ون ونڈو مراکز پر بیٹھتے ہیں جسکے باعث اب تک سوا لاکھ کیسز حل ہوچکے ہیں، پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اپوزیشن کو حکومت کے نئے منصوبے ایک آنکھ نہیں بھا رہے، کیا اپوزیشن کے پاس منی بجٹ کے علاوہ کوئی پلان ہے ان کے پاس کوئی متبادل پلان نہیں ہے۔ انکا کہنا ہے کہ اپوزیشن کہتی ہے اداروں میں پھوٹ پڑ گئی ہے وہ ہمارے اتحادیوں پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں، سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی آرڈینیس میں زمین آسمان کا فرق ہے ہم لوگوں کو حقوق دینا چاہتے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی نے کہا کہ جو شخص بیماری کے بہانے باہر بیٹھا ہے اس کے بھائی کو چاہیے عدالت میں آکر جواب دیں کہ وہ کیوں باہر ہیں، ان کے بھائی تو خود 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ میں پھنسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پہلی بار ریونیو بڑھایا اور خرچے کم کیے، ہم منی بجٹ اس لیے لارہے ہیں کہ ٹیکس لگا کر ریونیو بڑھائیں اور عوام سے قرضے کا بوجھ کم ہو سکے، اس وقت کسی ڈیل یا ڈھیل کی گنجائش نہیں ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے اور یہ پاکستان کا تاریخی نظام ہو گا، ہم اپنی پارٹی کی تنظیم سازی کررہے ہیں تاکہ مضبوط بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات لڑ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مال میں 400 لوگوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ڈیڑھ سو لوگوں کو برطرف کیا جاچکا ہے، جب کرپشن و بد عنوانی کے خلاف دلیل نہ ہو تو لوگ کردار کشی کرتے ہیں۔