لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کوعوام کا نہ احساس ہے نہ ہی ملک کی پرواہ، اپوزیشن کی جانب سے نازک حالات میں قوم کوتقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے، یہ عناصر صرف پوائنٹ اسکورنگ کے لئے قومی مفادات کو داو پر لگارہے ہیں، اپوزیشن کا احتجاج بے معنی حیثیت رکھتا ہے، بدقسمتی سے ان عناصر کا ایجنڈا صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے، یہ عناصر اپنے دور میں بھی عوام سے مخلص نہ تھے، نہ اب ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے۔
اپنے ایک بیان وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ وطن عزیز کی مٹی ہم سے بھائی چارے، اتحاد اور یگانگت کا تقاضا کررہی ہے، موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں، انتشار کی سیاست کرنے والوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا چاہیے۔ ملک میں استحکام کے لئے ذاتی مفادات کی سیاست کو خیرباد کہنا ہوگا، اپوزیشن کو موجودہ نازک حالات میں انتشار پھیلانے کی بجائے سنجیدہ سیاست کرنی چاہیے۔