اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کرپشن کے خاتمے کےلئے حکومت کاساتھ دے ، ملک کو آگے لے کر جانے اور غریب کو حق دینے کا یہی وقت ہے لیکن یاد رکھیں وزیراعظم کبھی بھی کسی کو این آر او نہیں دیں گے، منی لانڈرنگ کر کے بیرون ملک رقوم لے جانے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔
منگل کو رہنما تحریک انصاف سینیٹر فیصل جاوید نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں سینیٹ آئینی ترمیم کے حوالے سے کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی خریدوفروخت سے جمہوری عمل متاثر ہوتا ہے، اس لئے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے کےلئے حکومت نے عدالت سے رائے مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں نیوٹرل امپائر کی تجویز بھی وزیراعظم عمران خان نے دی تھی، عام انتخابات 2013میں دھاندلی کے خلاف بھی وزیراعظم عمران خان نے دھرنا دیا تھا جبکہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے پر وزیراعظم نے اپنی ہی پارٹی کے 20ارکان کو پارٹی سے نکالا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جہاں بھی عوام کے مفاد کی بات آتی ہے تو اپوزیشن لین دین کی بات کرتی ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ نیب بدعنوانی کے کیسز نہ دیکھے جبکہ اب اپوزیشن کے اپنے ارکان اسمبلی استعفے دینے سے انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کےلئے اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے، ملک کو آگے لے کر جانے اور غریب کو حق دینے کا یہی وقت ہے لیکن یہ بات یاد رکھیں وزیراعظم کبھی این آر او نہیں دیں گے، عمران خان کا پیغام پاکستان کےلئے ہے اور 30سال سے پارٹیاں لینے والوں کو عوام نے رد کر دیا ہے