لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں شاید یہ پہلی اپوزیشن ہے جو ملک و قوم کی بجائے اپنی قیادت کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں ریلیف دلوانے کےلئے سڑکوں پر ہے ،مسلم لیگ (ن) میں قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے ، شہباز شریف بتائیں آپ نے قومی مکالمے کی بات تو کی ہے لیکن آپ کی جماعت میں بات کس کی سنی جائے ، سابقہ حکومت قرضوں کے پہاڑ چھوڑ کر گئی اور ایک ایسا منصوبہ نہیں بنایا گیا جس سے یہ قرضے واپس ہو سکیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں اورحلقہ این اے 131کے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ انتخابات میں جیتنے کے بعد اپنے حلقوں میں نہیں گئے بلکہ اس وقت سے اپنی قیادت کی کرپشن بچانے اور انہیں ریلیف دلوانے کےلئے سڑکوں پر ہیں ۔ہم نے نتائج کی پرواہ کئے بغیر عوام کی خدمت ہے اور ان کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ان لوگوں کے لئے تحریک چلائی جارہی ہے جو ہر بار قوم کو چھوڑ کر لندن جا بسیرا کرتے ہیں اور پھر حالات معمول پر آنے کا انتظار کرتے ہیں یہ قوم کے لیڈر ہیں ؟۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بجلی کے کارخانے لگانے کی بات کرتی ہے لیکن آئی پی پیز کے معاہدوں بارے قوم کو بتانا پسند کریں گے ، ان سے بجلی نہ بھی لیں تب بھی قوم کو 60فیصد کیپسٹی پے منٹ کرنی ہے اسی وجہ سے ہم آئی پی پیز سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کا منتخب جمہوری حکومت کو گھر بھیجنا دیوانے کی بڑ ہے ۔