لاہور( رپورٹنگ آن لائن)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ صاف و شفاف انتخابات سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مورال بھی بلند ہو گا، شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات لازم ہوچکے ہیں، حکومت آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے نیک نیتی سے کام کر رہی ہے،اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر نا شفاف انتخابات میں رکاوٹ کے مترادف ہے ،اداروں کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
وہ گور نر ہائوس میں بزنس مین گوہریز حبیب خان ،تحر یک انصاف کے اراکین اسمبلی اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مل بیٹھنے کی دعوت دے رہی ہے مگر اپوزیشن اس معاملے پر حکومت سے بات کر نے کی بجائے صرف انکار کر رہی ہے اب بھی وقت ہے اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کیساتھ بات کر ے تاکہ ملک میں آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنایا جاسکے ۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں پاکستان میں جتنے بھی انتخابات ہوئے ان پرلوگ انگلیاں اٹھاتے رہے ہیں مگر حکومت چاہتی ہے کہ آئندہ عام انتخابات کا اتنا شفاف بنایا جائے کہ ا ن انتخابات پر ہارنے والا امیدوار بھی انگلی نہ اٹھا سکے اور شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے علاوہ کوئی اور آپشنز نہیں ۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن کو پہلے بھی مشورہ دیا ہے اور اب بھی ان سے یہ ہی کہنا چاہتاہوں کہ حکومت اپوزیشن کی لانگ مارچ او دھمکیوں سے خوفزہ ہوگی اور نہ ہی 2023سے پہلے حکومت کہیں جانیوالی ہے ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کر یں گے کہ وہ کس جماعت کو آئندہ حکومت میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔
چوہدری محمدسرور نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ملکی ترقی کے لیے بہت اہم ہے ہماری حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے جی ایس پلس سٹیٹس کی وجہ سے پاکستان کو 24ارب ڈالرز سے زائد کا فائدہ ہوچکاہے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے گورنرہائوس دروازے کھولے ہیںانکے مسائل کو حکومت تر جیح بنیادوں پر حل کر رہی ہے ۔