پشاور(رپورٹنگ آن لائن )پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کی ہے، پشاور ہائیکورٹ کا بہت ممنون ہوں کہ حق و سچ کا ساتھ دیا ہے ،مرکزی حکومت میں آئین وقانون کا فقدان ہے ۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کا فقدان ہے، ملک میں مہنگائی کا سیلاب ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کا بہت ممنون ہوں کہ حق و سچ کا ساتھ دیا ہے ۔ مجھ پر غیر ملکی شہری کا کیس بھی بنایا گیا ہے، ہم جمہوری طور پر احتجاج کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولتیں صحیح نہیں دی جا رہی ہیں،جیل میں پانی نہیں دیا جارہا تھا،بجلی کاٹ دی جاتی تھی کھانا صحیح نہیں جارہا تھا۔ساتھیوں کی بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہورہی، اعظم سواتی کو ایک بار پھر غلط کیس میں اندر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا ٹارگٹ یہ لوگ پورا نہیں کر سکتے، یہ منی بجٹ لا رہے ہیں، اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ملک میں مہنگائی اور بے چینی ہے ، حکومت کنٹرول نہیں کرسکتی،ہمارا کام ہے کہ جمہوری طور پر احتجاج کریں۔