شیخ رشید

اپوزیشن اپنے رویے پر غور کرے ،ہم حزب اختلاف کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے، شیخ رشید

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم حزب اختلاف کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے جبکہ سیاست میں مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے،

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) لانگ مارچ سے آگے نہیں جائے گی اور پی ڈی ایم کے غصے میں بھی کمی آچکی ہے،سینیٹ انتخابات پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سینیٹ انتخابات مارچ میں ہوں گے اور اس سے جمہوریت مزید مضبوط ہو گی مولانا فضل الرحمان خود سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت نہ ہو،شیخ رشید نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات ہی بہترین راستہ ہوتا ہے ، اپوزیشن اپنے رویے پر غور کرے ،

انہوں نے کہا کہ میں حزب اختلاف اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں عقل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ جس نے انتخاب لڑنا ہوتا ہے وہ مارکیٹ میں ہوتا ہے،جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے وہ اپنے فیصلے پر غور کریں،شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں اراکین اسمبلی میں جرات ہو اور وہ سینہ تان کرووٹ دے سکیں اسی لیے سینیٹ انتخاب میں اوپن ووٹنگ میں حزب اختلاف کو حصہ لینا چاہیے، ہماری خارجہ پالیسی بہترین ہے اور ہم حزب اختلاف کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے،انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہے،

پی ڈی ایم اپنے اجلاس میں جو بھی فیصلہ کرے گی اس سے متعلق لال حویلی کے باہر جواب دوں گا۔ مذاکرات کا دوسرا نام جمہوریت ہے، سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں ہے،وزیر داخلہ نے وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے لیے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا تاہم 5کروڑ روپے مزید دینے کا اعلان کرتا ہوں۔