عظمی بخاری

اپوزیشن آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر حکومت کو گھر بھیجے گی، عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ (ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر حکومت کو گھر بھیجے گی، بزدار صاحب آپ تین میں نہ تیرہ میں، آپ صرف اگلے 20سال کی روٹیاں جمع کریں، بزدار صاحب آپ عوام نہیں اپنے رشتے داروں کی خدمت میں مصروف ہیں، غریب کے دروازے پر غربت دستک دے رہی ہے آپ تونسہ کو کرپشن کا قلعہ بنارہے ہیں۔

عظمی بخاری نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر حکومت کو گھر بھیجے گی، ہم پارلیمنٹ ہاوس اور پی ٹی وی پر جتھے لے کر حملے نہیں کرنے جارہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کا بیانیہ عوام کا بیانیہ ہے اس لیے عمران خان پریشانی میں مبتلا ہیں، شہبازشریف مہنگائی کے ستائے عوام کو نالائق حکومت چھٹکارا دلانے نکلے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف گھر میں رہیں تو حکومت پریشان اور پارلیمنٹ جائیں تو بھی حکومت پریشان، شہبازشریف کی اپوزیشن لیڈران اور چوہدری برادران سے ملاقات پر حکومت کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، عمران خان کا جانا اب طے ہوچکا ہے آج گئے یا کل گئے۔