فواد عالم

اپنی خاموشی سے کیسے فائدہ اٹھایا؟ فواد عالم نے اہم راز فاش کردیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز فواد عالم نے اپنی اسکول لائف سے متعلق بڑے راز سے پردہ اٹھا دیا۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کس طرح خاموشی سے وہ اپنا اسائمنٹ کلاس کی لڑکیوں سے کروا لیا کرتے تھے۔پروگرام کے میزبان نے ان سے سوال کیا کہ آپ اپنی کلاس کی لڑکیوں سے ایسا کیا کہتے تھے جو وہ آپ کا کام بخوشی کردیا کرتی تھیں؟

جس کے جواب میں فواد عالم نے بتایا کہ میں بچپن سے ہی بنیادی طور پر اور طبیعتاً ایک شریف بچہ تھا اور زیادہ تر خاموش رہتا تھا جس کا اندازہ کلاس کی دیگر لڑکیوں کو بھی تھا۔انہوں نے بتایا کہ ان دنوں میری لکھائی بہت زیادہ خراب ہوا کرتی تھی تو میں اپنی کلاس فیلوز سے درخواست کرتا تھا تو وہ میرا ہوم ورک کردیا کرتی تھیں۔

اس موقع پر حاضرین میں موجود ایک شخص نے فواد عالم سے ان کے کھیلنے کے انداز سے متعلق سوال کیا کہ آپ کریز پر پہلے سے سیدھے کیوں کھڑے نہیں ہوتے عین موقع پر کیوں سامنے آتے ہیں؟جس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے کرکٹ کیریئر میں بہت زیادہ جدوجہد کی لیکن مجھے کوئی اتنا زیادہ جانتا نہیں تھا تو سوچا کہ کیوں نہ کچھ نیا کروں کہ جس سے منفرد نظر آؤں تو میں نے کریز پر کھڑے ہونے کا یہ انداز اپنایا۔