کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اپنی جان کی قربانی دے کر بھٹو شہید نے وطن کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا۔ مولا بخش چانڈیو نے قائد عوام شہید ذو الفقار علی بھٹو کی 94 ویں سالگرہ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو عظیم قائد شہید ذو الفقار علی بھٹو کا 94 واں یوم ولادت مبارک ہو، بھٹو شہید نے لوگوں کو زبان، حقوق کی پہچان اور جمہوریت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عظیم قائد نے سرزمین بے آئین کو آئین دیا، اپنی جان کی قربانی دے کر بھٹو شہید نے وطن کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، آج پھر پاکستان میں جمہوری نظام کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے حقیقی جمہوریت چھین کر ہائبرڈ نظام دیا گیا ہے، جو پاکستان کی بقا کی ضمانت ہے اس آئین پر وار کئے جا رہے ہیں، بھٹو شہید کا آئین اور پارلیمانی جمہوری نظام ہی پاکستان کی بقا کے ضامن ہیں۔
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ آج پیپلز پارٹی پھر اپنے نوجوان قائد بلاول بھٹو کی قیادت میں آئین اور جمہوریت کے دفاع کیلئے میدان میں ہے، بھٹو اور بی بی شہید کے مشن پر چلتے ہوئے ہم ملک میں حقیقی عوامی راج لائیں گے۔ رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نئے پرانے لاڈلے آزمائے جا چکے، قوم آج پھر بھٹو شہید کے سیاسی وارثوں کی طرف دیکھ رہی ہے، ہم نے قوم کو نہ پہلے مایوس کیا نہ اب کریں گے۔