جعفر بن یار۔۔۔۔
نویں اور دسویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات کے بغیر ہی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے پریکٹیکل کی 28 لاکھ سے زائدکاپیاں چھاپنے کے معاملے پر اینٹی کرپشن پنجاب جوں جوں تحقیقات کرتی جارہی ہے توں توں نت نئے انکشافات سامنے آنے لگے ہیں۔
پی سی ٹی بی اور پی ایم آئی یو کی طرف سے اینٹی کرپشن لاہور ریجن کے ڈپٹی ڈائیریکٹر ٹیکنیکل محمد اصغر کے رو رو جمع کروائی جانے والی دستاویزات سے یہ بات کھل کر سامنے آگئی ہے کہ پنجاب بورڈ کمیٹی آف چئیرمین نے 16 نومبر 2020 کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا کہ صوبے کا کوئی بھی تعلیمی بورڈ نویں اور دسویں جماعت کے پریکٹیکل نہیں لے گا۔
تاہم پی سی ٹی بی کے مینجنگ ڈائیریکٹر فاروق منظور اور قائمقام ڈائیریکٹر پروڈکشن اختر بٹ نے مبینہ طورپر اپنے کمیشن کے چکر میں 28 کروڑ روپے مالیت کی 28 لاکھ سے زائد پریکٹیکلز کی کاپیاں چھاپنے کی منظوری دی۔اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔
اور اس سلسلے میں بڈرز، پرنٹرز کو حکومت کی طر ف سے پریکٹیکل نہ ہونے کے اعلان اور نوٹیفکیشن کے دو ماہ بعد11 جنوری 2021کوایوارڈ لیٹر عطا کر دیئے۔جن پرنٹرز یا بڈرز کو 11 جنوری 2021 کو بدنیتی کی بناپر ایوارڈ لیٹر جاری کیئے گئے۔ان میں ZHHپرنٹرز، قومی کتب خانہ،جی ایف ایچ پبلشرز اینڈ پرنٹرز، ضیا القرآن پبلیکیشنز جیسے ادارے شامل ہیں۔
یہی نہیں بلکہ پی سی ٹی بی کے ایم ڈی فاروق منظور، ڈائریکٹر مینوسکرپٹ عبداللہ فیصل اور قائمقام ڈائیریکٹر پروڈکشن اختر بٹ نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ZHHپر نٹرز کو حکومت کی طرف سے پریکٹیکل نہ لینے کے 16 نومبر 2020 کے نوٹیفکیشن کے 4 ماہ بعد 22 مارچ 2021 کو کیمسٹری کی 4 لاکھ 51 ہزار سے زائد پریکٹیکل نوٹ بکس چھاپنے کے لئے 3 کروڑ 5کھ روپے سے زائد مالیت کا ایوارڈ لیٹر دیدیا۔
یہ عمل ایسے افسروں کی اہلیت اور ایمانداری پر سوالیہ نشان ہے۔
واضح رہے پی سی ٹی بی کے قائمقام ڈائیریکٹر پروڈکشن اختر بٹ اس سے قبل تمام عمل کا ذمہ دار اپنے ایم ڈی کو قرار دے چکے ہیں ۔اختر بٹ نے انکوائری افسر کو بتایا کہ کتابوں اور پریکٹیکل کی کاپیوں کی پرنٹنگ کی اجازت مینجنگ ڈائریکٹر پی سی ٹی بی دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی ٹی بی نے 25 کروڑ 24 لاکھ روپے کی پریکٹیکل کاپیوں کی اشاعت مکمل کرلی ہے
کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پنجاب سمیت ملک بھر میں رواں سال بھی نویں اور دسویں جماعت میں سائنس کے طالبعلم پریکٹیکل امتحان نہیں دے سکیں گے۔اور نہ ہی ان کی پریکٹیکل کی نوٹ بکس یا کاپیاں چیک کی جائینگی۔
تاہم پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے رواں سال کے تعلیمی سیشن کے لئے بھی پریکٹیکل کی نوٹ بکس چھاپنے کے لئے مختلف پرنٹرز اور پبلشرز کو کام الاٹ کیااور پری کو آلیفکیشن کےپراسیس میں 98 فرموں نے حصہ لیا۔جن میں سے 86فرموں کوپری کوالیفائی کیا گیا۔جبکہ ان میں سے 66 فرموں نے ٹیکنیکل اور فنانشل بڈز کےز ساتھ کاغذ کے سیمپل بھی جمع کروائے۔