نواز شریف

اِن شااللہ ظُلم کے بادل چھٹنے والے ہیں،پاکستان میں عوام کی حکمرانی آنے والی ہے ، نواز شریف

لندن (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پرلا کر کھڑاکردیا ہے یہ لوگ پاکستانی غریب عوام پر مہینے میں دو بار پیٹرول اور بجلی بم گراتے ہیں، یہ نہیں چاہتےکہ غریب عوام دو وقت کی روٹی سکون سے کھا سکے،موجودہ حکومت نے پاکستانی عوام کو مہنگائی سے مارنے کی قسم کھا رکھی ہے جس غریب کی تنخواہ پندرہ ہزارروپے ہے اس مہنگائی میں وہ اپنے بچوں کا پیٹ کیسے پال رہا ہے یہ اسی سے ہی پوچھا جا سکتا ہے، اِنہی وجوہات کی وجہ سے غریب خود کشی کرنے پر مجبور ہیں۔

حکومت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے مجھے عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتی آج بھی پاکستان کی غریب عوام کے دکھ میرے دل میں ہیں، اِن شااللہ ظُلم کے بادل چھٹنے والے ہیں اورپاکستان میں عوام کی حکمرانی آنے والی ہے اِن خیالات کا اِظہار اِنہوں نے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے سینئر مسلم لیگی رہنما و رکن قومی اسمبلی پاکستان مسلم لیگ (ن) کسان ونگ کے مرکزی صدر چودھری ریاض الحق جج کے بڑے بھائی چودھری فیاض ظفر سے لندن میں ملاقات کے دوران کیا،

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض ظفر نے بتایا کہ میاں نواز شریف نے واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان میں جب تک انتخابی نظام کو مستحکم کر کے الیکشن کی شفافیت کو مکمل طور پر یقینی نہیں بنایا جاتا اس وقت تک مہنگائی، بے روزگاری سمیت نہ تو کوئی عوامی مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوسکتا ہے اور نہ ہی عام اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والا پاکستان مسائل کے انبار سے نکل سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کی نعمت فیملی کے چوہدری ریاض الحق جج نے 2015ءمیں ضمنی الیکشن آزاد حیثیت سے جیت کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی اُس وقت سے لے کر آج تک یہ فیملی مکمل ثابت قدم ہے،میں ان محبت بھری شخصیات کوثابت قدم رہنے پر مبارک باد پیش کرتاہوں۔