شہباز اکمل جندران۔۔۔
سیکرٹری ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اون پے اینڈ سکیل کے تحت بڑے عہدوں پر کام کرنے والے تمام ملازمین کو واپس ان کے اصل عہدوں پر تعینات کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
یہ حکم 2 اکتوبر کو جاری کیا گیا ہے جب کے او پی ایس بنیادوں پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے والی صالحہ سعید کو ایک ہی دن گزرا تھا۔
صالحہ سعید کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن 30 ستمبر کو جاری ہوا تھا جبکہ انہوں نے یکم اکتوبر کو چارج سنبھالا تھا۔
صوبائی سیکرٹری کے احکامات پر عمل در آمد شروع کرتے ہوئے صوبے بھر میں انسپکٹرز، کلرکوں اور ای ٹی اوز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تاہم محکمے میں اوپی ایس بنیادوں پر بڑے عہدوں پر کام کرنے والے جونئیر افسروں کو چھوٹ دے دی گئی ہے۔
صوبائی سیکرٹری کی طرف سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق اون پے اینڈ سکیل کام کرنے والے افسران کو پروموشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد اگلا گریڈ دیا جائے گا اورمحکمے میں خالی آسامیاں مکمل کرنے کے لئے ڈیپارٹمینٹل پروموشن کمیٹی کی میٹنگ بلائی جائے گی۔
سیکرٹری ایکسائز کے حکم نامےکے بعد محکمہ ایکسائز کے تمام چھوٹے بڑے ملازمین میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اور ملازمین کی نظریں ڈی جی ایکسائز صالحہ سعید پر ہیں کہ او پی ایس افسر کے طورپر کام کرنے والی ڈی جی کوRevert کیا جاتا ہے یا یہ کارروائی محض چھوٹے ملازمین تک ہی محدود رہیگی۔