اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک سمسٹر بہار 2026 تمام تعلیمی پروگراموں میں ملک گیر داخلے یکم جنوری 2026 سے ایک ساتھ شروع ہو جائیں گے، یہ سہولت ملک کے چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی علاقوں میں بھی دستیاب ہوگی۔اتوار کو یہاں جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق مختلف سطحوں پر متعدد تعلیمی پروگرام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور بین الاقوامی طلباء کے لیے بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق، تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یکم جنوری سے یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہوں گے جس سے طلباء گھر بیٹھے آسانی سے درخواست دے سکیں گے۔طلباء کی موثر رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنانے کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر میں یونیورسٹی کے 53 ریجنل آفسز کے سربراہان کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
ان ہدایات کے مطابق داخلوں کے آغاز سے قبل تمام ریجنل کیمپسز پر سٹوڈنٹ فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے جہاں طلباء کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔اس کے علاوہ، ان سینٹرز میں طلباء کو مفت کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ آن لائن درخواست دیتے ہوئے انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیم تک رسائی کو مزید آسان بنانا اور طلباء کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔









