اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2021ء کے دوسرے مرحلے میں پیش کئے جانے والے تعلیمی پروگراموں کے داخلے 6۔دسمبر کو بند ہونگے۔ اِن پروگراموں میں بی اے جنرل)ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(، بی کام)ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس( ، بی بی اے ، 2سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن، 10مضامین میں بی ایس پروگرامز ، ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز ، ڈیڑھ ،اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز شامل ہیں ۔شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر ، سیدضیاءالحسنین نقوی کے مطابق داخلوں کی آخری تاریخ 10۔نومبر تھی تاہم گذشتہ روز یونیورسٹی کے احاطے میںقائم بینکوںکے باہر صبح سے شام تک طلبہ کی لمبی قطاروںکی وجہ سے بینکوں کے اوقات کار تک سینکڑوں طلبہ داخلہ فیس ادا نہ کرسکے ، اس لئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے طلبہ کی خواہش پر داخلوں کی تاریخ میں 6۔دسمبر تک توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
نئے امیدوار لیٹ فیس چارجز کے ساتھ جبکہ پہلے سے داخل)جاری طلبہ( بغیر لیٹ فیس چارجز کے 6۔دسمبر تک داخلہ لے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ ایم اے/ایم ایس سی اور ایم ایڈ کے داخلے بھی 6۔دسمبرتک جاری رہیں گے۔تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔واضح رہے کہ یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن پالیسی کے تحت تمام پروگراموں میں داخلہ صرف اور صرف آن لائن لیا جاسکتا ہے۔
جن طلبہ کے پاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے ، وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے اُن کی سہولت کے لئے یونیورسٹی کے تمام علاقائی دفاتر میں کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم کر رکھی ہیں جہاں پرداخلے کے خواہشمند افراد کو آن لائن اپلائی کرنے کے لئے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے استعمال کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے۔یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں طلبہ کی راہنمائی کے لئے خصوصی کاﺅنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔