اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی ، (مٹھی)سندھ میں ریجنل کیمپس کی دو منزلہ نئی عمارت تیار، افتتاح جلد

اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں ریجنل کیمپس کی عمارت کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا ہے جس کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔یہ دو منزلہ عمارت آٹھ ہزار سکوئر فٹ کے رقبے پر تعمیر کی گئی ہے ، یونیورسٹی نے یہ پلاٹ حکومت سندھ کے ریونیو ڈپارٹمنٹ سے حاصل کیا تھا۔تعمیر شدہ اس نئی عمارت میں آئی ٹی لیب ، ڈیجٹل لائبریری ،سمارٹ کلاس رومز اور کثیر المقاصد ایک بڑا اور کشادہ ہال بھی بنایا گیا ہے ۔ طلبہ کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مفت سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اس بلڈنگ میں کمپیوٹر لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بلڈنگ تعمیر کی گئی ہے تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ ہو۔اس ریجن میں یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد ساڑھے چار ہزار کے قریب ہے۔ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، انعام اﷲ شیخ کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے چاروں صوبوںآزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے اِن علاقوں میں اپنا تعلیمی نیٹ ورک قائم کرنے اور اس کی توسیع کے عمل کو تیز کردیا ہے۔ موجودہ انتظامیہ نے گزشتہ تین سالوںکے دوران 15 ریجنل کیمپسز کی عمارتوںکی تعمیر کا کام شروع کیا ہے جن میں سے 5مکمل ہوچکی ہیں جبکہ باقی ماندہ تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم خود اِس توسیعی عمل کی نگرانی کررہے ہیں ، نئے ریجنل کیمپسز اور ماڈل سٹڈی سینٹر کے قیام کے علاوہ کرایوں کے مکانوں میں موجود یونیورسٹی کے ریجنل کیمپسز کو اپنی عمارتوں میں منتقل کرانے کے مشن پر گامزن ہے، تعلیمی نیٹ ورک میں توسیع کا کام صوبائی حکومتوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے کیا جارہا ہے ، اس سلسلے میں وائس چانسلر بذات خود ان علاقوں کے دورے اور وہاں پر حکومتی عہدیداروں اور مخیر حضرات سے سرکاری ریٹ پر پلاٹ کے حصول کے لئے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔