اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے دنیا بھر میں رہنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سمسٹر خزاں 2021ءمیں 23تعلیمی پروگرامزپیش کردئیے ہیں جن میں میٹرک ، ایف اے اور آئی کام کے داخلے شروع ہوچکے ہیں جبکہ دیگر پروگراموں کے داخلے یکم ستمبر سے شروع ہونگے۔ اِن پروگرامز کو یونیورسٹی آن لائن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پیش کررہی ہے۔ داخلوں سے لے کر امتحانات تک تمام تدریسی سرگرمیاں آن لائن ہونگی۔بیرون ملک مقیم پاکستانی پراسپکٹس اور د اخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ http://online.aiou.edu.pkسے ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں۔اوورسیز پاکستانی مزید تفصیلات کے لئے انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے فون نمبرز +92519057165, +92519250175پر رابطہ کرسکتے ہیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے یکم ستمبر سے شروع ہونے والے داخلوںکے تعلیمی پروگراموں میں ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس ، ایسوسی ایٹ ڈگری ان اسلامک بینکنگ ، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ہیومن ریسورس مینجمنٹ ، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن مارکیٹنگ ، چار سالہ بی بی اے ، ڈیڑھ ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامر ، بی ایس ان اکاﺅنٹنگ اینڈ فنانس ،
بی ایس عربیک، بی ایس ماس کمیونیکیشن، بی ایس اردو، بی ایس پاکستان سٹڈیز، بی ایس انگلش، بی ایس جینڈر اینڈ وویمن سٹڈیز، بی ایس لائبریری انفارمیشن سائنس، سرٹیفیکیٹ اِن لٹریسی ، سرٹیفکیٹ اِن سکول لیڈرشپ ، سرٹیفیکٹ اِن فرنچ لنگوئج اور چھ پوسٹ گریجوٹ ڈپلومہ پروگرامز شامل ہونگے۔واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کی واحد جامعہ ہے جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی تعلیمی نیٹ ورک میں شامل کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔قبل ازیں یونیورسٹی صرف مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتی تھی ، وائس چانسلر ، پر وفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی تعلیم کی پالیسی میں توسیع کرکے دنیا بھر رہنے والے پاکستانیوں کو تعلیمی نیٹ ورک میں شامل کرنے کا موقع فراہم کردیا اور تعلیمی پروگرامز میںبھی اضافہ کردیا ہے۔