لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی برطانیہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسپیکر چوہدری پرویز الہی سے ہاوس آف کامنز کی ممبر انعم قیصر اور اعزازی قونصل جنرل آف مالڈووا محمود الحسن کی اسمبلی چیمبر میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل، پارلیمنٹ کی بالادستی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے علاوہ خطہ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کیلئے او آئی سی کانفرنس کا انعقاد کروا کے خطے میں امن کیلئے پہل کر دی، اقوام متحدہ، تمام ممالک اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
دوسری جانب ہاوس آف کامنز کی ممبر انعم قیصر انم قیصر نے کہا کہ برطانیہ، او آئی سی کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ابھرتی ہوئی معاشی طاقت کے طور پر سامنے آرہا ہے یہ خوبصورت اور امن پسند ملک ہے۔
اس ضمن میں برطانوی ممبر نے قرآنی آیات سے مزین پنجاب اسمبلی کے ایوان اور نئی بلڈنگ کو دی اسٹیٹ آف آرٹ قرار دیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔