اومیکرون

اومیکرون پر کوئی تشویش نہیں،عالمی ادارہ صحت نے نئے وائرس بارے جو انتباہ جاری کیا وہ مبالغہ آمیز ہے،شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان

ریاض(رپورٹنگ آن لائن) سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ اومیکرون پر کوئی تشویش نہیں ہے ،عالمی ادارہ صحت نے نئے وائرس بارے جو انتباہ جاری کیا ہے وہ مبالغہ آمیز ہے،اوپیک پلس کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس تیل مارکیٹ پر نئے کورونا وائرس اومیکرون کے اثرات کا جائزہ مکمل کرنے کی وجہ سے ملتوی کئے گئے ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق الجافورہ فیلڈ کو جدید خطوط پر استوارکے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اومیکرون وائرس پر کوئی تشویش نہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپیک پلس کے سربراہ کی حیثیت سے شریک سربراہ کے ساتھ مشاورت کرکے ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس ملتوی کئے ہیں۔اوپیک پلس میں شامل ممالک کے وزرائے پٹرولیم کا اجلاس جمعرات کو ہوگا۔

اس دوران تیل مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لینے کا مزید وقت مل جائیگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے صحت نے نئے وائرس کے حوالے سے جو انتباہ جاری کیا ہے وہ مبالغہ آمیز ہے۔سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ محدود وقت کیلئے اجلاس ملتوی کئے ہیں، اس سے حالات کو زیادہ بہتر شکل میں جاننے سمجھنے کا مزید موقع ملے گا۔سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ تیل کی طلب کے حوالے سے کورونا کی نئی شکل او میکرون کا اثر ابھی واضح نہیں ہے۔