اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اورکزئی آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 19 دہشت گرد وں کو واصل جہنم کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کے خلاف شجاعت کی نئی مثال ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 19 دہشت گرد واصل جہنم کر دیئے، آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیّب سمیت 11 بہادر جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امن و استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی جرأت پر قوم کا سلام ہے۔ انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کا عزم مزید مضبوط ہوگیا ہے، قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔









