پشاور (رپورٹنگ آن لائن)پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ27فروری کو بلاول بھٹو ملک بچانے نکلیں گے، ، ان ہاﺅس تبدیلی قومی اسمبلی میں ووٹ کے ذریعے ہونی چاہیے،
ہفتہ کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر حسین بخاری نے کہا کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، لانگ مارچ کو تقویت دینے کے لیے آیا ہوں، منی بل جس طرح پاس کیا اس سے ملک کی خود مختاری آئی ایم ایف کے حوالے سے کردی گئی، اسٹیٹ بینک کے سربراہ کو پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے، 27فروری کو بلاول بھٹو ملک بچانے نکلیں گے،
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ جو معاہدہ ہوا تھا اس پر ہم آج بھی قائم ہیں، پی ڈی ایم کے اتحاد میں تمام جماعتیں تھیں، موجودہ پی ڈی ایم کی وہ حیثیت نہیں، پی ڈی ایم کی بنیاد پیپلز پارٹی نے رکھی، جس چارٹر پر پی ڈی ایم بنی وہی آج ہم بھی کررہے ہیں اور وہ بھی،جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم ہر رکاوٹ کو توڑ کر اسلام آباد پہنچیں گے، ان ہاﺅس تبدیلی قومی اسمبلی میں ووٹ کے ذریعے ہونی چاہیے۔