اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)عالمی شہرت یافتہ تاریخی تْرک سیریز ‘ارطغرل غازی’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والیتْرک اداکار انگین آلتان دوزیتان نے مداحوں کو صاف پانی کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے شروع کی گئی مہم کا حصّہ بننے کی دعوت دی ہے۔انگین آلتان دوزیتان اپنی شاندار اداکارانہ صلاحیتوں کے علاوہ سماجی کاموں کی وجہ سے بھی مشہور ہیں اور اکثر ہی لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے شروع کی گئی مہمات میں اپنا حصّہ ڈالتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں اداکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔اداکار نے اس ویڈیو میں اپنے مداحوں کو بتایا ہے کہ میں اپنے شمالی امریکا کے دورے کو شروع کرنے کے لیے آپ سے برٹش کولمبیا سے براہ راست بات کروں گا۔اْنہوں نے بتایا کہ میں اس موسمِ گرما میں وینکوور، شکاگو، ڈیلاس اور لاس اینجلس جارہا ہوں۔انگین آلتان دوزیتان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی فیملی اور دوستوں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ تبدیلی کے لیے لڑنے اور دنیا بھر کے لوگوں تک صاف پانی کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے ہماری کوششوں کی حوصلہ افزائی کریں۔