شہباز اکمل جندران۔۔۔
اسے انگریزی زبان کا ایشو سمجھیں یا غیر دوروں سے نفرت جانیں کہ سابق وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں محض دو ملکوں کے تین دورے کئے۔ یہ ملک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ہیں۔

اگر دوسرے اینگل سے دیکھا جائے تو سردار عثمان احمد بزادر پنجاب کی تاریخ کے سب سے سستے اور کم غیر ملکی دورے کرنے والے وزیر اعلٰی کہے جاسکتے ہیں۔

سردار عثمان احمد بزدار اور میاں محمد شہباز شریف کا بطور وزیر اعلٰی تقابلی جائزہ لیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں میاں محمد شہباز شریف نے 20 غیر ملکی دورے کئے جبکہ سردار محمد عثمان بزدار نے قریب ساڑھے 3 سالہ دور حکومت میں صرف 3 دورے کئے۔

میاں محمد شہباز شریف نے چین،قطر، برطانیہ، ترکی، انڈیا، انگلینڈ ، جرمنی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے دورے کئے جن میں ان کے ہمراہ مجموعی طورپر 152 افراد تھے۔
جبکہ سردار عثمان احمد بزدار نے وزارت اعلٰی کے دوران محض متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے تین دورے کیئے اور ان کے ہمراہ 4 افراد رہے۔

سردار عثمان احمد بزدار نے اپنے تینوں دوروں پر 12 لاکھ 52 ہزار 394 روپے خرچ کیئے۔
جبکہ میاں محمد شہباز شریف نے بطور وزیر اعلٰی پنجاب اپنے 20 غیر ملکی دوروں پر مجموعی طور پر 75 لاکھ 2 ہزار 802 روہے خرچ کئے۔