عمر اکمل

انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹرنے عمر اکمل کی اپیل پرکیس کا فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھرنے بطور انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹر عمر اکمل کی اپیل پر کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا ہے۔

انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹرنےاپنے فیصلہ میں لکھا ہے کہ”اپنے انٹرویو اور 2 مختلف اوقات میں 2 مختلف افراد کی جانب سے فکسنگ سے متعلق رابطوں کے حوالے سے شوکاز نوٹس کے جواب میں اپیل کنندہ کی خوداعترافی کے بعد کسی شک کی گنجائش نہیں رہ جاتی کہ ان کے خلاف الزامات میں صداقت ہے،اپیل کنندہ کا موقف متضاد ہے اور اس کی کوئی ساکھ نہیں، اپیل کنندہ کے خلاف مقدمہ درست ثابت ہوتا ہے،

چیئرمین ڈسپلنری پینل کا اپیل کنندہ کو دونوں الزامات میں قصور وار پانے کا واضح جواز موجود ہے، تاہم انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹرنے ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عمر اکمل کی پابندی کی مدت میں کمی کرتے ہوئے سزا کو ایک سال اور چھ ماہ کردیا ہے، فیصلے کے مطابق سزا کا اطلاق عمر اکمل کی عبوری معطلی کے روز سے ہوگا ،جو 20 فروری 2020ء ہے،

27 اپریل کو جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے بطور چیئرمین ڈسپلنری پینل دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائدکی تھی، پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 7.5.4 کے تحت انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹرکے فیصلے پر اپیل صرف کھیلوں کی ثالثی عدالت میں ہی کی جاسکتی ہے۔