نتائج کا اعلان

انڈس موٹر کمپنی کا مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے لئے شاندار مالی نتائج کا اعلان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ(آئی ایم سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 25اکتوبر، 2021 کو منعقد ہوا جس میں 30 ستمبر 2021 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے لئے کمپنی کی مالیاتی اور پیداواری کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔کمپنی کی خالص آمدن65.55 بلین روپے رہی جس میں گزشتہ سال کی اسی مدت کی 34.19 بلین روپے آمدن کے مقابلے میں 91.7 فیصد اضافہ ہوا۔بعداز ٹیکس منافع میں 194فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت 1.85 بلین روپے کے مقابلے میں 5.42بلین روپے رہا۔جولائی 2021 کو شروع ہونے والے مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے لئے آمدن اور منافع میں اضافہ کی بڑی وجہ سی کے ڈی اور سی بی یو کی فروخت کا بلند حجم ہے۔ٹویوٹا یارس، جو صارفین کی طرف سے زبردست پذیرائی کی بدولت پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہو نے والی سیڈان بنی بھی حجم میں اضافہ کی وجہ بنی۔ آئی ایم سی کے چیف ایگزیکٹو علی اصغر جمالی نے پہلی سہ ماہی کے نتائج ہر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ”’ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ نئے مالی سال کا آغاز حقیقی معنوں میں حوصلہ افزا رہا۔

حکومت کی طرف سے ڈیوٹیوں میں کمی کے نتیجہ میں آمدن میں اضافہ ممکن ہوا ہے۔کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات میں کمی کے باعث سپلائی چین کے دبائو کے باوجود ہم صارفین کی طلب کو پورا کرنے کے لئے جی جان لگا رہے ہیں۔انہوں نے انڈسٹری کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا””روپے کی قدر میں مسلسل کمی بہت زیادہ تشویش کا باعث ہے اور اسی طرح بڑھتی ہوئی افراط زر اور عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ وہ اہم عوامل ہیں جن کے کمپنی کے مستقبل کے مالی معاملات پر اثرات مرتب ہوں گے۔

ہم ٹویوٹا کے بنیادی فلسفے ”پہلے صارف” کے لئے پر عزم ہیں جو صارفین کو بہترین مصنوعات اور خدمات کا وعدہ کرتا ہے۔ نتائج کی بنیاد پر بورڈ آف ڈائریکٹرزنے پہلی سہ ماہی کے لئے 34.50 روہے فی حصص کے عبوری نقد منافع کا اعلان کیاجبکہ گزشتہ سال یہ منافع 12 روپے فی حصص تھا۔