کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ امر خان نے انکشاف کیا کہ انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھارتی صارفین کے غیر اخلاقی رویے اور نازیبا پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے گفتگو کے دوران بتایا کہ متعدد بھارتی صارفین نے انہیں انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسیجز میں ناپسندیدہ اور غیر مہذب تصاویر کے ساتھ ساتھ انتہائی نازیبا زبان میں پیغامات بھیجے، جن کی تفصیل بیان کرنا بھی ممکن نہیں۔امر خان کا کہنا تھا کہ ایسی حرکات صرف چند انتہا پسند عناصر کی جانب سے کی جاتی ہیں جو مخصوص ایجنڈے اور منفی پروپیگنڈے کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ پیغامات عوام کو دکھائے جائیں تو اندازہ ہو کہ ایسے افراد کس حد تک گر سکتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ چند افراد کی ان حرکات سے پورے بھارت کی عوام کو موردِ الزام ٹھہرانا درست نہیں ہوگا۔مزید گفتگو میں امر خان نے بھارتی فلموں سے پاکستانی فنکاروں کی تصاویر اور نام ہٹانے کے عمل پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداکاروں کی تصاویر کو فلمی پوسٹرز اور گانوں سے حذف کرنا ایک غیر سنجیدہ اور بچگانہ طرزِ عمل تھا.
جو صرف منافرت کو بڑھاوا دیتا ہے۔اداکارہ نے اس موقع پر فن اور فنکاروں کو سیاست سے الگ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو چاہیے کہ وہ مثبت رویے اپنائیں اور ایک دوسرے کے ساتھ احترام اور پیشہ ورانہ تعاون کا ماحول قائم رکھیں۔