لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی فضائی و آبی آلودگی، درجہ حرارت میں دن بدن اضافہ،تیزی سے ناپید ہوتے جنگلات اور خشک سالی سے کرہ ارض پر براہ راست خطرات جنم لے رہے ہیں جن سے عام آدمی کی صحت کو بڑا خطرہ ہے اور ان عوامل کے باعث زمین پر انسانی زندگی کی بقاء کو خطرات لاحق ہونے کے علاوہ آئے دن نئی سے نئی بیماریاں انسانی معاشرے کو جکڑ رہی ہیں لہذ ا انسانی صحت کیلئے آکسیجن ضروری، شجر کاری کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بنی نوع انسان اور کرہ ارض کو صحت مند بنائے رکھنے کے لئے بھرپو ر توجہ کی ضرورت ہے اور موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ انسانی صحت کے تحفظ کے لئے ایسا راستہ اختیار کیا جائے کہ ترقی یافتہ ممالک کی وجہ سے غریب اور پسماندہ ممالک مذکورہ مسائل کا شکار نہ ہوں۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے “ہمارا کرہ ارض، ہماری صحت”کے حوالے سے میڈیکل سٹوڈنٹس کو لیکچردیتے ہوئے کیا۔ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان ملک، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد مقصود اور ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ زمین کے اردگر د پائے جانے والے زون میں عدم توازن کے باعث تابکاری شعاعیں انسانی صحت کو متاثر کر رہی ہیں جس کے باعث کینسر،جلدی امراض،نظام تنفس اور دل کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں جس کے لئے ہمیں نئی حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں اضافہ جبکہ جنگلات دنیا میں تیزی سے کم ہو رہے ہیں،ہمیں ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جن سے زمین پر سبزے کا خاتمہ نہ ہو،اس مقصد کے لئے ہاؤسنگ سوسائٹیز کو پابند کرنا ہوگا کہ وہ اپنے رقبے کے دس فیصد ایریاپر لازماً شجر کاری کریں تاکہ قدرت کے توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ زمین ہمارا سیارہ ہے او ر اس کا ماحول انسانی صحت سے جڑا ہوا ہے جسے زیادہ سے زیادہ سرسبز رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی سے لوگوں کے روزگار میں اضافہ ضرور ہوا لیکن صنعتی فضلہ اور چمنی سے نکلنے والے دھویں نے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کیا ہے جس کے لئے ہم بجلی پیدا کرنے کے روائتی طریقے تھرمل، کوئلے، فرنس اور ڈیزل کی بجائے سولر پلانٹ اور الیکٹرک گاڑیوں کی طرف آ سکتے ہیں۔
طبی ماہرین نے کہاکہ انسانی صحت کو ماحولیاتی اثرات سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم ہفتے میں ایک دن دفتر یا کاروبار کی جگہ پیدل جائیں،انفرادی گاڑی کا استعمال کرنے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعما ل کریں، بیوریجز و پراسس کی ہوئی خوراک کھانے کی بجائے تازہ سبزیوں و پھلوں کا استعمال کریں تاکہ انسانی صحت کم سے کم متاثر ہو۔
انہوں نے میڈیکل سٹوڈنٹس سے کہا کہ وہ بطور ڈاکٹر اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں ان عوامل کو پیش نظر رکھیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث انسانی صحت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیتے رہیں۔سینئر ڈاکٹرز نے صحت مند زندگی گزارنے کے سنہری اصولوں سے بھی روشناس کروایا۔