اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ کی گرفتاری پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہےکہ انسانی سمگلنگ کے گھنائونے جرم کے مرتکب عناصر کی سرکوبی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ججہ گینگ کی گرفتاری قابل تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس بیورو کےحکام اور افسران سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزرا اور سیکرٹری داخلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ججہ گینگ کی گرفتاری لائق تحسین ہے۔
انسانی سمگلنگ کے دھندے میں ملوث عناصر نے نہ صرف پاکستان کو بدنام کیا ہے بلکہ مراکش اور یونان کے ساحلوں پر کشتیوں میں سوار کئی افراد ڈوب کر زندگی کی بازی ہا ر گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چند ماہ سے ان بری خبروں کے بعد جگہ جگہ پاکستان کا نام لیا گیا تو انتہائی شرمندگی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کالا دھندہ مکمل طور پر بند ہونا چاہئے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزارت داخلہ ، ایف آئی اے اور آئی بی کے حکام جو انسانی سمگلنگ کے خاتمہ کےلئے کام کررہے ہیں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے اقدامات سے عکاسی ہوتی ہے کہ آپ کواس طرح کے واقعات سےنقصان کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشتی ڈوبنے کے واقعات سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، ملک کی نیک نامی پر حرف آیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کی عزت و وقار کی بحالی اور بلندی کےلئے اپنی تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں ، اس پر پوری قوم آپ کےلئے دعا گو ہوگی اور آپ کو عزت بھی ملے گی۔
وزیراعظم کو عثمان ججہ نامی شخص کی گرفتاری کے حوالہ سے بتایاگیا کہ عثمان ججہ 19 کیسز میں مطلوب تھا اور انسانی سمگلنگ کا مرکزی ملزم تھا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف آئی اے اور آئی بی کے حکام سے گفتگو کے آخر میں ایک مرتبہ انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ جنہوں نے اس اچھے کام میں حصہ لیا ہے ان کو یہاں مدعو کیا گیا ہے تاکہ قوم کو بتایا جاسکے کہ انہوں نےا نتہائی شاندار کام سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب نے اپنی ذمہ داریوں کے تقاضے پورے کرتے ہوئے وطن کی عزت میں اضافہ کیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انسانی سمگلنگ کے تدارک کا کام جاری ساری رکھیں، پوری قوم اور میں آپ کی مکمل معاونت کریں گے تاکہ انسانی سمگلنگ کے دھندے کی مکمل بیخ کنی کی جاسکے۔ ملاقات کے آخر میں وزیرمملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے وزیراعظم سے متعلقہ حکام کا تعارف کرایا جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور سیکرٹری داخلہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ کے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران کو انعامی چیک اور شیلڈز بھی فراہم کیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کو انسانی سمگلنگ کے خاتمہ کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی گئی۔