عثمان بزدار

انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے اسموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے، وزیراعلی پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے اسموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے،فیکٹریوں میں ٹائر جلانے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے ۔

اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسموگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کی مانیٹرنگ کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو ضروری اختیارات دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں میں ٹائر جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا،محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اسموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں، آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اسموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں، اسموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے اسموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے، کوڑا کرکٹ کو جلانے کی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے میں 24/7 اسموگ مانیٹرنگ سیل قائم ہے، لاہور میں 5 اینٹی اسموگ سکواڈ تشکیل دیئے ہیں اور اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔