کامران ٹیسوری 34

انسانی حقوق کا مکمل تحفظ کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی پہچان ہے،گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کا مکمل تحفظ کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی پہچان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو مساوی مواقع، آزادی اور بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ معاشرتی انصاف کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، بلکہ ایک مضبوط، منصفانہ اور متوازن معاشرے کی تشکیل کا انحصار انسانی وقار اور حقوق کے عملی تحفظ پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہائوس کے گیٹ پر “امید کی گھنٹی” اسی مقصد کے تحت نصب کی گئی ہے تاکہ وہ لوگ جو طویل عرصے سے نظر انداز رہے، ان کی آواز سنی جائے اور ان کے مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جائے۔اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن عدم برداشت، ناانصافی اور ہر قسم کے امتیازی رویوں کے خاتمے کے عزم کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی وقار کے تحفظ کے لیے تمام اداروں کو اپنا مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ معاشرے کے کمزور، محروم اور پسماندہ طبقات کو حقیقی معنوں میں انصاف مل سکے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے زور دیا کہ کمزور طبقات کی آواز بننا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانیت، باہمی احترام اور رواداری ہمارے اجتماعی قومی پیغام کا بنیادی حصہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں